پٹرولیم لیوی واپس لینے تک حکومت کے خلاف دھرنا جاری رہے گا، حافظ نعیم

پٹرولیم لیوی واپس لینے تک حکومت کے خلاف دھرنا جاری رہے گا، حافظ نعیم

فیصل چوک مال روڈ لاہور میں پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آج دھرنا شروع کردیا ہے جو جاری رہے گا، جبکہ گورنر ہاؤس کراچی کے باہر بھی دھرنا جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت گھٹنے نہیں ٹیکے گی، جدوجہد جاری رہے گی اور ہم حکومت کو پیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ کمیٹی بنائی ہے، ہمیں آپ کی بریفنگ نہیں چاہیے، آپ کی کمیٹی آپ کو مبارک ہو۔ ہم کوئی بریفنگ لینے اسلام آباد نہیں جائیں گے، جس کو بات کرنی ہے وہ یہاں آئے، انہوں نے واضح کیا کہ بات صرف ایک نکتے پر ہوگی کہ پٹرولیم لیوی واپس لی جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جو نظام عوام پر مسلط ہے اس کا عوام سے کوئی تعلق نہیں، یہ نظام اب نہیں چل سکتا، پٹرولیم لیوی زبردستی کا بھتہ ٹیکس اور جگا ٹیکس ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ن لیگ کے کتنے جاگیرداروں نے اپنی جاگیروں پر ٹیکس ادا کیا ہے؟ یہ جاگیردارانہ نظام نہیں چلے گا، جاگیردار غریب کاشتکار کا خون چوستے ہیں، بڑے بڑے جاگیردار ٹیکس نہیں دیتے، بڑے بیوروکریٹس ٹیکس کھا جاتے ہیں، جبکہ حکمران اپنی مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں اور غریب کا خون نچوڑ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی، لاہور اور پشاور میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے جاری ہیں۔