خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم مدت ملازمت مکمل ہونے پر عہدے سے ریٹائرڈ ہوگئے، ان کے اعزاز میں لاہور ہائیکورٹ میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے خصوصی شرکت کی۔
الوداعی تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر مقدمات کی سماعت کرنے والے تمام ججز نے شرکت کی، اس موقع پر جسٹس شاہد کریم نے لاہور ہائیکورٹ کے تمام ججز کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
جسٹس شاہد کریم کے ریٹائرڈ ہونے کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 49 ہوگئی ہے، جبکہ عدالت عالیہ میں ججز کی 11 آسامیاں خالی ہوگئی ہیں۔
جسٹس شاہد کریم نے 7 نومبر 2014 کو لاہور ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا، اپنے دورِ جج میں انہوں نے سموگ، ماحولیاتی آلودگی سمیت مختلف اہم نوعیت کے مقدمات کی سماعت کی۔
جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے متعلق متعدد اہم احکامات بھی جاری کیے گئے، جن میں ماحولیاتی تحفظ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے متعلقہ اداروں کو مختلف ہدایات شامل تھیں۔
ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی خالی آسامیوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔