بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا ہسپتال منتقل کر دیا گیا

بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا ہسپتال منتقل کر دیا گیا

شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پی ٹی آئی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بانی کو انتہائی سخت سکیورٹی میں جیل سے ہسپتال سے روانہ کیا گیا تھا، شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، ہسپتال میں بانی پی ٹی آئی کے علاج کیلئے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں، جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا طبی معائنہ کرے گی۔

قبل ازیں عمران خان کی بہنیں اور معالج اڈیالہ جیل پہنچے تھے، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ڈاکٹر فیصل گیٹ نمبر 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر داخل ہوئے، جبکہ نورین نیازی جیل کے باہر موجود رہیں۔

عمران خان کی جیل منتقلی سے متعلق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، وہ معاملات دیکھ رہی ہے۔

وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کو جو ریلیف دیا گیا وہ قانون کے مطابق نہیں، نواز شریف کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، نواز شریف ڈاکٹرز کی رپورٹ کے بعد علاج کیلئے بیرون ملک گئے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج کیلئے انہیں جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے خلاف دائر نظر ثانی کی درخواست بعض اعتراضات لگا کر واپس کر دی تھی۔