خلاصہ
- مظفرآباد: ( محمد اسلم میر ) آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی نئی حکومت نے کابینہ کی تشکیل کے بعد 8 وزرا کو مختلف اہم محکموں کے قلمدان سونپ دیئے۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے وزرا کے محکموں کی تقسیم کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راجہ ثاقب مجید کو محکمہ توانائی و آبی وسائل، راجہ ریاست کو بحالیات و مال، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کو محکمہ صحت عامہ، سردار میر اکبر کو فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ، کرنل (ر) وقار احمد نور کو جنگلات و ماہی پروری، انجینئر عمیر نعیم کو تعلیم (سکولز)، اظہر صادق کو کالجز و ہائر ایجوکیشن جبکہ عبدالرحمان آرائیں کو سیاحت، صنعت و معدنی وسائل کے محکمے تفویض کیے گئے ہیں۔
نئی کابینہ کو محکموں کی تقسیم کے بعد وزرا نے اپنی اپنی وزارتوں میں ذمہ داریاں سنبھالنے کی تیاری شروع کر دی ہے، نئی حکومت کی جانب سے کابینہ کے ارکان کو اہم شعبوں کا قلمدان سونپے جانے کے بعد حکومتی امور کو مزید فعال بنانے اور انتظامی معاملات میں تیزی لانے کی توقع کی جا رہی ہے۔
پونچھ ڈویژن کی سات نشستوں کے الیکشن اور کابینہ کی ممکنہ توسیع تک وزیراعظم افتخار گیلانی نے اہم محکمے اپنے پاس رکھے ہیں، جن میں خزانہ، منصوبہ بندی و ترقیات، بلدیات، شاہرات، اطلاعات، انلینڈ ریونیو، زکوات، زراعت، قانون، خوراک، لائیو سٹاک اور داخلہ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزرا اپنے اپنے محکموں میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل کے حل، انتظامی امور اور حکومت کی جانب سے طے کیے گئے ترجیحی ایجنڈے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
کابینہ میں شامل تمام 8 وزرا نے آئین و قانون کے مطابق اپنی حکومتی ذمہ داریاں ادا کرنے، متعلقہ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔