خلاصہ
- کراچی:(دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں۔
شہرِ قائد میں ایم کیو ایم کی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی سینٹرل نے پورے شہر کو پاکستان کا سینٹر بنا دیا ہے، ملک جس مقصد کے لیے بنایا گیا تھا، اس مقصد کے حصول کے لیے آج یہاں سے جمہوری سفر کا آغاز ہو گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پچھلے ہفتے نیو کراچی کی خواتین نے اپنا فیصلہ سنا دیا، اب اورنگی ٹاؤن کی باری ہے، اس کے بعد ایک اور ریلی نکالی جائے گی جس کا رخ تبدیل کیا جائے گا۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سیاست نہیں کرتی بلکہ جو کچھ کرتی ہے وہ عبادت سمجھ کر کرتی ہے، پاکستان جس مقصد کے لیے بنایا گیا تھا، اس مقصد کے حصول کے لیے یہ ریلی نکالی گئی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انتظامی یونٹس لسانی نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر ہونے چاہئیں، عوام کو اختیار منتقل کیا جائے تاکہ جمہوریت کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو ملنے والے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرکے عوام کے سپرد کیے جائیں۔
رہنما ایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ عدالتیں محصور اور انصاف ناپید ہے جب کہ خواتین کے حقوق کی بات کی جائے تو معاشرے میں کاروکاری جیسے مسائل موجود ہیں۔