خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اکیڈمی میں جاری ترقیاتی اور اپ گریڈیشن منصوبوں کا معائنہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے زیرِ تربیت افسران کے لیے تیار کیے گئے ماڈل رومز کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر ان کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے اپ گریڈیشن منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے کانفرنس روم اور آڈیٹوریم کی ازسرِنو تعمیر کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل منصوبہ بندی اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت داخلہ نیشنل پولیس اکیڈمی کے اپ گریڈیشن منصوبوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے زیرِ تربیت افسران کو سواٹ ٹیموں کے طرز کے جدید تربیتی آلات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے لیے بہترین اور ماہر فیکلٹی کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس میں ایم سی ایم سی کے نصاب میں ڈیجیٹل پولیسنگ اور مصنوعی ذہانت کے جدید ماڈیولز شامل کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس افسران کی تربیت کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا پولیس فورس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے، دورے کے موقع پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، سی ڈی اے کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔