خیبرپختونخوا کے عوام نے انتشاری ٹولے کو مسترد کردیا: امیر مقام

خیبرپختونخوا کے عوام نے انتشاری ٹولے کو مسترد کردیا: امیر مقام

 خیبر پختونخوا کے علاقے سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال پر عوام کی جانب سے ساتھ نہ دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے کے عوام ترقی اور خوشحالی کے حامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، یہاں کے عوام باشعور ہیں اور انہوں نے اپنے فیصلے سے واضح کردیا ہے کہ وہ انتشار کے بجائے ترقی چاہتے ہیں، انتشاری ٹولے کی حمایت میں کوئی بھی سامنے نہیں آیا اور عوام نے احتجاج کی کال پر ساتھ نہ دے کر اپنا فیصلہ سنا دیا۔

وفاقی وزیر کا پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پختون عوام نے پی ٹی آئی کو تین مرتبہ صوبے میں اقتدار دیا، لیکن وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی۔

امیر مقام نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں صوبے میں لوٹ مار کا بازار گرم رہا اور گزشتہ 13 سال کے دوران خیبرپختونخوا کو کھنڈر بنا دیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام وفاقی حکومت کے اقدامات کا خیرمقدم کر رہے ہیں، صوبے کے بہادر عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں، جنہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے اپنے طرزِ عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ انتشار اور احتجاج کی سیاست کے بجائے امن، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔