خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں تعمیر کیا جائے گا، اس منصوبے کیلئے سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی تھیم پارک کی تعمیر کیلئے اراضی فراہم کرے گی۔
تاریخی قذافی سٹیڈیم میں پاکستان کے پہلے تھیم پارک منصوبے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔
مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کئے، محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی۔
معاہدے کے تحت سعودی عرب کے سرمایہ کار اسلام آباد میں تھیم پارک منصوبے کیلئے سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ سی ڈی اے اس منصوبے کیلئے اراضی فراہم کرے گی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تھیم پارک منصوبے کے حوالے سے سعودی عرب سے آنے والے معزز مہمانوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں، اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کو جدید ترین شہروں کی طرز پر استوار کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تھیم پارک ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا، سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی، اگلے چند ماہ میں سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ کے حوالے سے روڈ شو منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
اس موقع پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، خصوصاً اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
تقریب میں سی ڈی اے کے ممبران اور سعودی وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔