خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا، اور وہاں جاری تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔
کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے پر 20 روز میں 78 فیصد کام مکمل کر لیا گیا، منصوبہ تکمیلی مراحل میں داخل ہو گیا، وفاقی وزیر داخلہ نے باقی ماندہ تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے اور منصوبے کو مقررہ مدت میں پایۂ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کر دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کے اطراف میں 6 ہزار درخت لگائے جائیں گے، منصوبے کو سر سبز و شاداب اور خوبصورت بنایا جائے گا، انہوں نے منصوبے کے اطراف دیدہ زیب لائٹنگ نصب کرنے کی ہدایت بھی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کی تکمیل سے مری اور مظفرآباد جانے والے شہریوں کو بڑا ریلیف ملے گا، راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان آمدورفت مزید آسان ہو گی، اس کے علاوہ ایکسپریس وے پر ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کو منصوبے پر جاری کاموں، پیشرفت اور تکمیل کی ٹائم لائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، منصوبے پر ہارٹیکلچر، روڈ اور اسفالٹ کے کام تیزی سے جاری ہے، لائٹ پولز نصب کیے جا رہے ہیں اور لائٹس لگانے کا عمل جاری ہے، کشمیر چوک انڈر پاس منصوبہ 30 روز کی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔