سینیٹ میں محسن نقوی، کامران مرتضیٰ اور عابد شیر علی کے درمیان تلخ کلامی

سینیٹ میں محسن نقوی، کامران مرتضیٰ اور عابد شیر علی کے درمیان تلخ کلامی

محسن نقوی اور کامران مرتضیٰ کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، محسن نقوی نے کامران مرتضیٰ کے احتجاج پر کہا کہ آپ کو میری بات سننا پڑے گی، وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر تنقید کرتے ہیں تو جواب سننے کی ہمت بھی پیدا کریں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب تک ریاست سے فائدے ملتے ہیں، تب تک ریاست اچھی لگتی ہے لیکن جب حصہ نہ ملے تو ریاست پر تھوکنا مناسب نہیں، اس پر کامران مرتضیٰ نے جواباً کہا کہ زبان سنبھال کر استعمال کریں۔

دورانِ اجلاس مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عابد شیر علی بھی غصے میں آگئے اور کامران مرتضیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو شرم آنی چاہیے، ماں کو گالیاں دیتے ہیں۔

اس موقع پر عابد شیر علی اور جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کے درمیان بھی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے وزیر مملکت طلال چوہدری نے عابد شیر علی کو بٹھا دیا۔

محسن نقوی نے احتجاج کرنے والے ارکان سے کہا کہ اب ہمت کریں اور جواب سنیں، انہوں نے کہا کہ یہ کوئی طریقہ کار نہیں کہ کوئی بھی اپنی مرضی کی بات کرے اور دوسرے کا مؤقف نہ سنے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں سے متعلق باتوں اور سیاسی اختلاف میں فرق ہونا چاہیے، جبکہ تنقید کرنے والوں کو جواب سننے کا حوصلہ بھی رکھنا چاہیے۔