اسلام آباد بلدیاتی الیکشن: تاحال 39 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے

اسلام آباد بلدیاتی الیکشن: تاحال 39 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2026 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم امیدواروں کی جانب سے عدم دلچسپی سامنے آ رہی ہے۔

3 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کے لیے 1665 کاغذات نامزدگی جاری کیے جا چکے ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 6 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک ہوگی، جبکہ مسترد ہونے والے کاغذات کے خلاف اپیلیں 14 سے 18 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی۔ اپیلٹ اتھارٹی 19 سے 23 نومبر تک اپیلوں پر فیصلے کرے گی۔

امیدوار 25 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔

اسلام آباد کو بلدیاتی انتخابات کے لیے 125 یونین کونسلز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان یونین کونسلز کے کاغذات نامزدگی 16 ریٹرننگ افسران وصول کریں گے۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی، جبکہ غیر حتمی نتائج 21 سے 24 دسمبر تک مرتب کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرائے جا رہے ہیں۔