خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ مریم نواز پر ان کے اپنے اتحادی وزیر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔
لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بحث جاری ہے، تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی باضابطہ پیپر ورک سامنے نہیں آیا، پیپلز پارٹی پنجاب میں بھی جلد اپنا مقام حاصل کرے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دس لاکھ گھر عوام کو قرضوں پر نہیں بلکہ مفت فراہم کر رہی ہے، کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے کے فور منصوبہ وفاقی حکومت نے بنانا تھا، تاہم یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی یوتھ کارڈ بھی متعارف کروا رہی ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی اور ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ کرپشن پورے ملک کا مسئلہ ہے، ہم مریم نواز پر کرپشن کا الزام نہیں لگا رہے بلکہ ان کے اپنے اتحادی وزیر ان پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ملک میں توانائی کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جائے گی، پاکستان کی معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔