خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) قطر کے وزیر داخلہ و داخلی سلامتی فورس (لخویہ) کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
دونوں وزرائے داخلہ نے پاک قطر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ پولیس آفیسرز ایکسچینج پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں قطر کی نیشنل سائبر سکیورٹی ایجنسی (این سی ایس اے) اور پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے درمیان تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے دونوں وزارتوں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، قطر پاکستان میں جدید فائرنگ رینج بھی تعمیر کرے گا۔
.jpg)
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ قطری وزیر داخلہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، قطر کی جانب سے اے این ایف کو جدید سکینرز کی فراہمی پر شکر گزار ہیں، پاکستان اور قطر کی متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان مشترکہ آپریشنز اور معلومات کا تبادلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران پاکستان اور قطر کے مشترکہ تعاون سے منشیات کے 300 کیسز پکڑے گئے، ہم چاہتے ہیں کہ منشیات کی سمگلنگ کے لیے ہماری سرزمین ہرگز استعمال نہ ہو۔ سائبر کرائم ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور اس کے تدارک کے لیے پاکستان بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔
قطری وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک قطر وزارت داخلہ کے درمیان باہمی تعاون مثالی ہے، جسے مزید مضبوط اور وسیع کیا جائے گا، مل کر پاکستان اور قطر کے تعلقات کو نئی جہت تک پہنچا سکتے ہیں، دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے ہماری ٹیم ہر وقت دستیاب اور تیار ہے۔
.jpg)
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فائرنگ رینج کی تعمیر میں تعاون پر اپنے قطری ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں پاکستان میں قطر کے سفیر اور قطری وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی جی اے این ایف، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔