خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک شنگھائی تعاون تنظیم کیلئے بھارت پہنچ گئے، جہاں پاکستان کے ناظم الامور سعد وڑائچ نے ان کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر مصدق ملک پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، جبکہ ملک تہذیبوں کے مابین مکالمے کی اہمیت اور سفارت کاری میں بھی پاکستان کے کردار پر ملکی موقف پیش کریں گے۔

ای سی او میں پاکستان کے تعمیری کردار کے ساتھ ساتھ پاکستان کے متنوع تہذیبی اور ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق فورم میں پاکستان کی شرکت "شنگھائی سپرٹ" کے عین مطابق اس کی کاوشوں کی عکاس ہے، پاکستانی وفد فورم کے موضوعاتی اجلاسوں میں بھی شرکت کرے گا، جبکہ فورم کے موقع پر ایس سی او کے رکن ممالک کے وفود سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 2026-27 کی مدت کے لیے ای سی او سربراہان مملکت کونسل کا موجودہ چیئرمین ہے اور پاکستان آئندہ سال ہونے والے سربراہی اجلاس سے قبل متعدد سرگرمیوں کی میزبانی کرے گا۔