خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی سلطنتیں ختم ہونی چاہئیں مگر ایسا نہ ہو کہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کر دی جائیں اور ان پر شہنشاہ ایک ہی رہے، ایسے ملک چلے گا نہ آگے بڑھے گا، عجلت سے گریز مناسب ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس گلے سڑے بدبودار نظام حکمرانی کو محض چھوٹے صوبے بنا کر درست کرنے کی سوچ ناقابل فہم ہے، چھوٹے صوبے بنانا مثبت عمل ہے لیکن پیشگی بنیادی اصلاحات کیے بغیر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے شفاف نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کریں، سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور پیسے والوں کی حکمرانی ختم کریں، تعلیم یافتہ مڈل کلاس کیلئے سیاست کرنے کا راستہ بنائیں، سول سروس اور عدالتی ریفارمز کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری شدید سیاسی تناؤ ، دہشت گردی، افلاس کی انتہا، مفلوج نظام عدل، متنازع پارلیمنٹ اور غیر سیاسی مداخلت کی موجودگی میں ممکن ہے کہ چھوٹے صوبے بنا لیے جائیں لیکن یہ نظام ناپائیدار ہوگا اور نئی پیچیدگیاں لائے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بھوک، غربت، ناانصافی، دہشت گردی بنیادی حقوق کی پامالی، سیاسی انتقام اور غیر آئینی عوامل کا خاتمہ ہے، ملک چلانا ہے تو پہلے ان مصائب سے قوم کی جان چھڑائیں، جلد بازی سے کام لے کر چھوٹے صوبے بنانے کا پراگریسو اقدام متنازع نہ بنایا جائے، کیا کوئی قائل کرنے والا یا ہونے والا موجود ہے یا نہیں۔