خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر جلد سماعت کی استدعا منظور کرلی ہے۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کو کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ علیمہ خان کی نظر بندی کے احکامات کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔
جسٹس عبہر گل خان نے علیمہ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی، علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان نے کیس کی جلد سماعت کے لیے متفرق درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
شاہریز خان نے درخواست میں پنجاب حکومت، محکمہ داخلہ، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر حکام کو فریق بناتے ہوئے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کے احکامات چیلنج کیے تھے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے غیر قانونی طور پر نظر بندی کے احکامات جاری کیے اور تھری ایم پی او کے طے شدہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق علیمہ خان کی گرفتاری کے بعد ان کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ پولیس مقدمہ نمبر 96/23 میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بے گناہ قرار دے چکی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے غیر قانونی نظر بندی کے احکامات کالعدم قرار دیے جائیں، عظمیٰ خان اور نورین نیازی پہلے ہی رہا ہوچکی ہیں۔