خلاصہ
- مظفرآباد: (محمد اسلم میر) چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی جنگوں میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے عالمی قوانین ناگزیر ہیں۔
وہ گزشتہ روز برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا ہاؤس آف لارڈز، لندن میں منعقدہ بین الاقوامی انسانی حقوق سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، ’’مصنوعی ذہانت کی جنگیں اور انسانی حقوق‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا اہتمام دی وزڈم ٹرسٹ نے کیا، جبکہ میزبانی لارڈ برینن کے سی نے کی۔
سیمینار میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لارڈز، برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان، ممتاز بیرسٹرز، قانونی ماہرین، جامعات کے پروفیسرز اور انسانی حقوق کے سکالرز نے شرکت کی۔
جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت نے جنگوں کی نوعیت تبدیل کر دی ہے، اب مشینیں یہ فیصلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر رہی ہیں کہ کون زندہ رہے گا اور کون موت کا شکار ہوگا، ایسے میں انسانی جان لینے کے ہر فیصلے میں بامعنی انسانی نگرانی اور مؤثر بین الاقوامی قانون سازی ناگزیر ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عالمی برادری خودکار ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی کے لیے پابند بین الاقوامی معاہدہ تشکیل دے اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی تیار کرنے والی کمپنیوں کو بھی قانونی جوابدہی کے دائرے میں لائے۔
چیف جسٹس آزاد کشمیر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے مثبت اور تعمیری استعمال کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم اس ٹیکنالوجی کا جنگی مقاصد کے لیے غیر ذمہ دارانہ استعمال انسانی حقوق اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
جسٹس راجہ سعید اکرم خان کا کہنا تھا کہ غزہ، یوکرین اور ایران میں جنگی کارروائیوں کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے اہداف کا تعین، ڈرون نگرانی اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال عام شہریوں، خواتین اور بچوں کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے بنیادی اصول، خصوصاً شہریوں اور جنگجوؤں میں امتیاز، طاقت کے متناسب استعمال اور جوابدہی کے تقاضے، مصنوعی ذہانت کے غیر محتاط استعمال سے متاثر ہو سکتے ہیں، اگر کسی خودکار نظام کے نتیجے میں کسی بے گناہ شہری کی جان چلی جائے تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟ عالمی برادری کو اس بنیادی سوال کا جواب تلاش کرنا ہوگا۔
چیف جسٹس نے اقوام متحدہ کی قرارداد 47 کا حوالہ دیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بھی عالمی برادری کے سامنے اُجاگر کی۔
جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ کشمیری عوام 1947 سے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ چہرے کی شناخت، ڈرون نگرانی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی کے نظام کو انسانی آزادیوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ سے مشروط کیا جانا چاہیے۔
چیف جسٹس آزاد نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت انسانیت کی خادم ہونی چاہیے، اس کی حاکم یا انسانی جان لینے والی قوت نہیں۔ اس مقصد کے لیے عالمی سطح پر واضح قوانین، انسانی نگرانی اور ریاستوں سمیت ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جوابدہی یقینی بنانا ہوگی۔
سیمینار کے اختتام پر چیف جسٹس آزاد کشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان اور دی وزڈم ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز گراہم سوپر کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔