خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج، صوبے کو 10 ارب روپے جاری

خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج، صوبے کو 10 ارب روپے جاری

دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کیلئے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع کیلئے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا جن میں 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہوں گے جبکہ 423 منصوبوں کیلئے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ان اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔

ترقیاتی پیکج کے تحت امن و امان کے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

دستاویزات کے مطابق صحت کے شعبے کے 41 منصوبوں کیلئے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش سکول قائم کئے جائیں گے، اس کے علاوہ 70 سکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن جبکہ 409 سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کیلئے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، ترقیاتی پیکج میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

اسی طرح 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی سکیموں کو سولرائز کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں سہولت فراہم کی جا سکے، زرعی شعبے میں بھی خصوصی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں جن کے تحت 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم کیلئے سکالرشپس دی جائیں گی۔

دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 25 اضلاع میں مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔