خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیانات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سندھ ایک صوبہ ہے اور ایک ہی رہے گا۔
پروگرام’’ ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم سے نہیں گھبراتی، تاہم جب سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کرچکی ہے تو پھر ریفرنڈم کی بات کیوں کی جارہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ جس صوبے کی اسمبلی چاہے وہاں نیا صوبہ بنایا جاسکتا ہے، لیکن پیپلزپارٹی سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کے حق میں نہیں۔
وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے صاحبزادے ہیں، ان کے سافٹ ویئر اپڈیٹ ہونے کی باتیں بے تکی ہیں۔
ناصر حسین نے کہا کہ بلاول بھٹو جب اسلام آباد گئے تو کہا گیا کہ ان کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا ہے، لیکن اسلام آباد سے واپسی کے بعد بھی انہوں نے سندھ کی تقسیم نامنظور کا مؤقف دہرایا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کا ایک ہی بیٹا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، اور انہی کی بات یہاں چلے گی۔ بلاول بھٹو کا موازنہ محسن نقوی سے نہیں کیا جانا چاہیے۔