کراچی میں تیز رفتار ڈالا فٹ پاتھ پر چڑھ گیا، باپ جاں بحق ، کم سن بیٹا زخمی

کراچی میں تیز رفتار ڈالا فٹ پاتھ پر چڑھ گیا،  باپ جاں بحق ، کم سن بیٹا زخمی

 ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ڈیفنس فیز 6 کے بڑا بخاری سگنل کے قریب میں پیش آیا جہاں 40 سالہ خادم جاں بحق جبکہ 4 سالہ ذیشان زخمی ہوگیا، دونوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

جاں بحق شخص کے بھائی طالب نے  گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ 8 سے 10 برس سے بڑا بخاری سگنل پر اپنے بچوں کے ساتھ پھول فروخت کرتے ہیں۔ حادثے کے وقت خاندان فٹ پاتھ پر کھانا کھا رہا تھا کہ اچانک تیز رفتار ڈالا سگنل توڑتے ہوئے ان کے بھائی اور بھتیجے پر چڑھ دوڑا۔

طالب کا کہنا تھا ڈرائیور زخمی باپ بیٹے کو اپنی گاڑی میں ڈال کر کالا پل کے قریب ایک نجی ہسپتال چھوڑ کر فرار ہوگیا، انہوں نے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا خاندان کورنگی ناصر جمپ کا رہائشی ہے۔

متوفی کے بڑے بیٹے نے بتایا کہ وہ مارکیٹ میں پھول فروخت کر رہا تھا کہ اسے والد کے حادثے کی اطلاع ملی، جب وہ موقع پر پہنچا تو والد اور چھوٹے بھائی کو پسپتال منتقل کیا جا چکا تھا، اس نے مزید بتایا کہ ان کے خاندان میں سات بھائی اور دو بہنیں ہیں۔