علاقائی
خلاصہ
- گلگت:(دنیا نیوز) گلگت بلتستان میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارشوں، کلاوڈ برسٹ اور فلش فلڈ کے باعث مختلف علاقوں میں تباہی مچ گئی۔
انتظامیہ کے مطابق گلگت کے علاقے چھموگڑھ نالے میں آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا جب کہ ضلع استور میں سیلابی ریلے کی زد میں آ کر تین گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں کلاوڈ برسٹ اور فلش فلڈ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جس کے باعث صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سیاحوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر شاہراہ قراقرم پر سفر سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مزید برآں ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جب کہ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث مزید احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔