خلاصہ
- بہاولپور:(دنیا نیوز) پنجاب کے شہر بہاولپور میں پنجاب حکومت نے ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ پروگرام کے تحت چولستان کے مستحق خاندانوں کو زرعی اراضی لیز پر دینے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
کمشنر بہاولپور کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ 83 ہزار ایکڑ رقبہ بہاولپور کے چولستانیوں کو الاٹ کیا جا رہا ہے، جبکہ 16 ہزار سے زائد افراد کو فی کس 5 ایکڑ زرعی اراضی فراہم کی جائے گی۔
تقریب کے دوران چولستان کے 25 کامیاب کسانوں میں 5، 5 ایکڑ زرعی اراضی کے الاٹمنٹ لیٹرز بھی تقسیم کیے گئے، ایم ڈی چولستان ترقیاتی ادارہ کے مطابق پروگرام کے لیے 52 ہزار 158 درخواستیں موصول ہوئیں۔
درخواستوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد 27 ہزار 647 درخواستیں منظور کی گئیں، پہلے مرحلے میں 10 ہزار 290 مستحق چولستانی خاندانوں کو اراضی الاٹ کی جا رہی ہے۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت محکمہ زراعت کے تعاون سے الاٹیوں میں سوا چار ارب روپے کی مالی معاونت بھی تقسیم کرے گی۔
دوسری جانب ہر ایکڑ کے لیے 50 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ زمین کی تیاری، کاشتکاری اور دیگر زرعی سرگرمیوں میں نئے کاشتکاروں کی مدد کی جا سکے۔