خلاصہ
- کراچی: شہر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے اور ریبیز کے بڑھتے واقعات کے دوران ایک اور شہری جان کی بازی ہار گیا۔ قیوم آباد کا 24 سالہ شہریار جناح ہسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق شہریار کو دو ماہ قبل آوارہ کتے نے کاٹا تھا، تاہم کتے کے کاٹنے کے بعد اسے ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگائی گئی، مریض کو آج تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال کی ایمرجنسی لایا گیا۔
ذرائع کے مطابق شہریار گزشتہ ایک ہفتے سے چڑچڑاپن، بے چینی اور پانی سے خوف جیسی علامات کا شکار تھا، ڈاکٹروں نے مریض کو ریبیز اینسیفلائٹس کے شبہ میں علاج فراہم کیا، جبکہ نیورومیڈیسن ٹیم نے بھی اس کا معائنہ کیا، مریض کو طبی حالت کے پیش نظر سکون آور ادویات بھی دی گئیں، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق کراچی میں رواں سال اب تک ریبیز کے باعث 18 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، ان میں سے 11 اموات انڈس اسپتال جبکہ 7 جناح اسپتال میں رپورٹ ہوئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کراچی میں 30 ہزار سے زائد سگ گزیدگی کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جس سے شہر میں آوارہ کتوں اور ریبیز کی روک تھام کے اقدامات پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کتے کے کاٹنے کی صورت میں فوری طور پر زخم دھونا اور طبی مرکز سے رجوع کرنا ضروری ہے، جبکہ ریبیز سے بچاؤ کے لیے بروقت ویکسینیشن انتہائی اہم ہے۔