خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مختلف مقامات پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پورٹ قاسم کے قریب تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے 11 سالہ راہگیر بچہ جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ ٹریلر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
دوسرے حادثے میں بلدیہ نادرن بائی پاس ٹرمینل کے قریب واٹر ٹینکر اور ٹریلر آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے نتیجے میں واٹر ٹینکر کا 30 سالہ ڈرائیور اسد اللہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
ادھر گزشتہ رات بلدیہ حب ریور روڈ پر موٹر سائیکل کی ٹکر سے زخمی ہونے والا راہگیر دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ متوفی کی شناخت 35 سالہ زبیر کے نام سے ہوئی ہے۔
ایک اور ٹریفک حادثے میں 32 سالہ عمر جاں بحق جبکہ حکمت اللہ، عزت اللہ اور عدنان زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے مختلف حادثات کے واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ حادثات کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔