امریکی تحقیقاتی ادارے کی 2035 تک دنیا میں اسلام کے غلبے کی پیش گوئی

امریکی تحقیقاتی ادارے کی 2035 تک دنیا میں اسلام کے غلبے کی پیش گوئی

امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کے آبادیاتی تخمینوں کے مطابق دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد 2035 تک تقریباً 2 ارب 57 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ عیسائیوں کی آبادی 2 ارب 52 کروڑ رہنے کا امکان ہے، اس طرح مسلمان پیروکاروں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن سکتے ہیں۔

تحقیق میں اس تبدیلی کو محض آبادی میں اضافے کے بجائے مختلف معاشرتی اور آبادیاتی عوامل کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے، مسلمانوں میں نسبتاً زیادہ شرح پیدائش اور نوجوان آبادی کا تناسب اس پیش رفت کی اہم وجوہات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دونوں بڑے مذاہب کے پیروکاروں کی تعداد بڑھے گی تاہم مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی رفتار زیادہ تیز رہنے کا امکان ہے۔

پاکستان کیلئے بھی تحقیق میں ایک اہم پیش گوئی کی گئی ہے، اندازوں کے مطابق 2070 تک ملک میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 46 کروڑ ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔

رپورٹ میں عیسائی آبادی کے عالمی مراکز میں تبدیلی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، افریقی ملک جمہوریہ کانگو مستقبل میں امریکا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی عیسائی آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔

یہ تخمینے اس حقیقت کی جانب اشارہ کرتے ہیں کہ دنیا کی مذہبی اور معاشرتی ساخت آنے والی دہائیوں میں نمایاں طور پر تبدیل ہوسکتی ہے اور مسلم آبادی کا بڑھتا ہوا تناسب عالمی سطح پر نئی آبادیاتی حقیقتوں کو جنم دے سکتا ہے۔