چاند کی مٹی میں آلو اگانے کا کامیاب تجربہ

چاند کی مٹی میں آلو اگانے کا کامیاب تجربہ

ناسا کے تعاون سے ہونے والی تحقیق میں سائنس دانوں نے مصنوعی قمری مٹی میں نامیاتی مادے شامل کر کے آلو اگائے اور دریافت کیا کہ مناسب مقدار میں نامیاتی مادہ ملانے سے آلو کی پیداوار زمین کی مٹی کے برابر ہو سکتی ہے۔

تحقیق میں موڈوک نامی آلو کی قسم استعمال کی گئی، جس کا چھلکا سرخ اور گودا سفید ہوتا ہے اور یہ نسبتاً جلد تیار ہو جاتا ہے۔

امریکا اور چین آنے والے برسوں میں انسانوں کو چاند کی سطح پر بھیجنے اور وہاں مستقل اڈے قائم کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، چاند پر قیام کرنے والے خلاء بازوں کیلئے مقامی طور پر خوراک اگانا انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے، کیونکہ زمین سے تمام ضروری خوراک پہنچانا مشکل ہوگا۔

تحقیق کی سربراہی کرنے والے اوریگن اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرِ نباتات ایمرک گوئے کے مطابق آلو دیگر کئی فصلوں کے مقابلے میں کم رقبے پر زیادہ حرارے فراہم کرتے ہیں، ان میں کیلے سے زیادہ پوٹاشیئم، وٹامن سی اور اچھی مقدار میں پروٹین موجود ہوتی ہے، جبکہ یہ دیر تک پیٹ بھرے رکھنے والی غذا بھی ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق چاند کی سطح پر موجود مٹی درحقیقت پتھروں کے باریک ذرات اور گرد و غبار پر مشتمل ہے، جسے قمری ریگولِت کہا جاتا ہے، یہ اربوں سال کے دوران شہابیوں کے ٹکرانے سے وجود میں آئی ہے اور زمین کی مٹی کے برعکس اس میں نامیاتی مادے موجود نہیں۔

محققین نے مصنوعی قمری مٹی میں ورمی کمپوسٹ شامل کیا، جو کیچوؤں کے ذریعے نامیاتی فضلے کو گلانے سے تیار ہونے والی غذائیت سے بھرپور کھاد ہے۔

ایمرک گوئے کے مطابق قمری مٹی میں نائٹروجن موجود نہیں ہوتی، اس لیے نامیاتی مادے شامل کیے بغیر کوئی فصل نہیں اگائی جا سکتی، تجربے کے دوران ایسی مٹی میں لگائے گئے آلو جن میں ورمی کمپوسٹ شامل نہیں تھا، ان میں تقریباً جڑیں اور آلو پیدا نہیں ہوئے، 5 فیصد ورمی کمپوسٹ اور 95 فیصد قمری مٹی کے آمیزے میں آلو کی کچھ جڑیں اور گانٹھیں بنیں، جبکہ 30 فیصد ورمی کمپوسٹ شامل کرنے سے پیداوار زمین کی مٹی میں اگائے گئے آلو کے برابر ہو گئی۔

تحقیق کے دوران پودے ایسے گرین ہاؤس میں اگائے گئے جہاں قدرتی اور مصنوعی روشنی کا انتظام تھا، دن کے وقت درجۂ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ اور رات کو 18 ڈگری سینٹی گریڈ رکھا گیا۔

کیا چاند پر اگائے گئے آلو کھانے کے قابل ہیں؟

محققین کے مطابق قمری مٹی میں تانبے سمیت بھاری دھاتوں کی مقدار بھی زیادہ ہوتی ہے، جو پودوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، نامیاتی مادے ان دھاتوں کو پودوں میں جذب ہونے سے روکتے ہیں اور ان میں زہریلے مادوں کی مقدار بڑھنے کے امکانات کم کرتے ہیں۔

تحقیق کے سربراہ ایمرک گوئے نے بتایا ہے کہ سائنس دانوں نے ابھی تک ان آلوؤں کو چکھا نہیں، کیونکہ حاصل ہونے والی فصل کو تجربہ گاہ میں تجزیے کیلئے استعمال کیا گیا۔

ان کے مطابق پہلے تجربے میں چھوٹے گملوں میں آلو اگائے گئے تھے، جس کے باعث ان کا وزن عموماً 10 گرام سے بھی کم تھا، اب بڑے گملوں میں آلو اگانے کے دوسرے تجربے پر کام جاری ہے، جس میں بازار میں دستیاب آلوؤں کے برابر حجم کے آلو حاصل کیے گئے ہیں۔

سائنس دان چاند کی مٹی میں چنے، ٹماٹر، سلاد کے پتے اور دیگر فصلیں اگانے کے تجربات بھی کر رہے ہیں۔

تحقیق کے شریک مصنف ڈیوڈ ہینڈی کا کہنا ہے کہ چاند پر زراعت سے متعلق تیار ہونے والی ٹیکنالوجی زمین پر بھی مفید ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً ان صحرائی علاقوں اور گنجان آباد شہروں میں جہاں زرعی پیداوار کم ہے اور خوراک دیگر علاقوں سے منگوائی جاتی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تحقیق سے زمین کی مٹی کا معیار بہتر بنانے اور آلودہ زمین کو قابلِ کاشت بنانے کے طریقے بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ 2015ء کی سائنس فکشن فلم ’دی مارشن‘ میں اداکار میٹ ڈیمن کا کردار مریخ پر پھنس جانے کے بعد گرین ہاؤس میں آلو اگا کر اپنی خوراک کا انتظام کرتا دکھائی دیا تھا، اب سائنس دانوں کے کامیاب تجربے کے بعد مستقبل میں چاند پر بھی آلو سے مختلف پکوان تیار کرنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔