پیرس: (ویب ڈیسک) فرنچ اوپن میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے والے رافیل نیڈال نے ارجنٹینا کے کھلاڑی ڈیاگو شوارٹزمین کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ اس میچ کو دیکھنے کیلئے میدان میں 5 ہزار تماشائی موجود تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رافیل نیڈال نے اس تاریخی میچ میں چھ تین، چار چھ، چھ چار اور چھ صفر سے فتح اپنے نام کی۔ انہوں نے اپنے مدمقابل کھلاڑی ڈیاگو شوارٹزمین کو کھل کر کھیلنے کا موقع ہی فراہم نہیں کیا۔
رافیل نیڈال کا فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں سربیا کے ٹاپ سیڈ نوواک جوکووچ یا اٹلی کے میٹیو بیریٹینی کیساتھ زور کا جوڑ پڑے گا۔
ٹینس کے پنڈت دعویٰ کر رہے ہیں کہ رافیل نیڈال اس وقت مکمل فارم میں ہیں، اس لئے اس بات کی قوی امید ہے کہ وہ 14ویں مرتبہ فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیت کر تاریخ میں اپنا نام درج کر لیں۔
فرنچ اوپن کے منتظمین نے کھیل کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر سخت احتیاطی اقدامات کئے گئے تھے۔ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے میدان میں 5 ہزار تماشائیوں کو آنے کی اجازت دی گئی تھی تاکہ وہ کھیل سے لطف اندوز ہو سکیں۔