ماسکو:(دنیا نیوز) یوکرین کے خلاف جنگ شروع کرنے پر سپورٹس حلقوں سے بھی ردعمل آنے لگا، ستمبر میں شیڈول فارمولا ون کار ریس کی مخالفت شروع ہوگئی۔
روس کی طرف سے یوکرین پر حملوں کے خلاف کھلاڑیوں کی لفظی گولہ باری، چار بار ایف ون چیمپئن جرمن ڈرائیور سباسچئن ویٹل نے ستمبر میں شیڈول فارمولا ون کار ریس کی مخالفت شروع کر دی، ادھر یوئیفا حکام نے فٹبال چیمپئنز لیگ فائنل کی روس سے شفٹنگ پر بھی غور شروع کر دیا، روسی فٹبالر فیدور سمالوف اپنے ہی حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور جنگ مسلط کرنے کی مذمت کردی۔
دوسری جانب جنگ شروع کیے جانے کے حوالے سے یورپا لیگ کے آفیشل اکاؤنٹ پر ’’ہیپی تھرسڈے ایوری ون‘‘ پر مداحوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹوئٹ کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے۔
اس کے برعکس یوکرین کے سابق ورلڈ چیمپئن باکسر ولادی میر کیلچکو نے کہا کہ روس نے پوری دنیا کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور یہ کہ روسی جنگ کے باوجود یوکرین مضبوط رہے گا۔