آسٹریلوی سرفر نے 40 گھنٹے پانی میں سرفنگ کر کے نیا ورلڈ ریکارڈ بنالیا

Published On 18 March,2023 09:09 am

سڈنی : (ویب ڈیسک ) آسٹریلیا کے سرفر نے 40 گھنٹے مسلسل پانی میں سرفنگ کر کے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا کے بلیک جانسٹن نے جیلی فش کے جُھنڈوں سے مقابلہ کرتے اور سیکڑوں لہروں کو مات دیتے ہوئے 40 گھنٹوں تک سرفنگ کر کے نیا ورلڈ ریکارڈ بنا لیا۔

گزشتہ روز سابق پروفیشنل سرفر بلیک جانسٹن نے جنوبی افریقہ کے سرفر جوش انسلین کا 30 گھنٹے اور 11 منٹ سرفنگ کرنے کا ریکارڈ توڑا ہے ۔


40سالہ سرفر نے شارک مچھلیوں کے خطرات سمیت خوفناک سمندر میں 700 لہروں پر سرفنگ کی اور اس ورلڈ ریکارڈ کے ذریعے انہوں نے ذہنی امراض کے علاج کیلئے ایک لاکھ 33 ہزار ڈالر اکھٹے کیے۔

آسٹریلوی سرفر نے جمعرات کی رات ایک بجے سرفنگ کرنا شروع کی تھی ، اس ریکارڈ کے قوانین کے تحت انہیں سمندر سے واپس آنے کی اجازت تھی تاکہ وہ کھانا کھا سکیں، اپنی آنکھوں میں دوائی ڈال سکیں اور اپنے جسم پر سن سکرین لگا سکیں۔

علاوہ ازیں طبی عملہ اس پورے ریکارڈ کے دوران ان کے دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر چیک کرتا رہا۔

جانسٹن اس سے قبل ایک ہزار کلو میٹر دوڑ کر ذہنی امراض کے لیے پیسے اکٹھا کرنا چاہتے تھے تاہم انہوں نے بعد میں 30 گھنٹے کی سرفنگ کا ریکارڈ توڑنا چاہا۔

اس حوالے سے وہ کہتے ہیں کہ ’میں نے سوچا میں یہ کر سکتا ہوں، میں نے اپنے آپ کو اس ایڈونچر کے لیے تیار کیا اور یہ ثابت کیا کہ میں اس قابل ہوں کہ میں مشکل وقت میں ثابت قدم رہ سکتا ہوں اور میں نے یہی سبق سیکھا ہے۔‘

خیال رہے کہ آسٹریلوی سرفر بلیک جانسٹن نے 2020 میں ننگے پاؤں سڈنی کے جنوب میں واقع ساحلی پٹی پر 100 کلو میٹر دوڑ بھی لگائی تھی۔