نیویارک : (ویب ڈیسک ) شہرہ آفاق ٹینس سٹار ،دفاعی چیمپئن اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز اور روسی ٹینس سٹار ،عالمی نمبر تین ڈینیئل میدویدوف ، آندرے روبلوف ،کیرن خچانوف اور جینک سنرفاتحانہ آغاز کرتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔
رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں ۔
مینز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں سپین کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار،دفاعی چیمپئن اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں ان کے جرمن حریف ڈومینک کوپفر پہلے سیٹ میں 2-6 کی شکست کے بعد دوسرے سیٹ کے دوران جبکہ دفاعی چیمپئن کو 2-3 کی برتری تھی ، جرمن کھلاڑی ڈومینک کوپفر فٹنس مسائل کے باعث مقابلے سے دستبردار ہوگئے اور کارلوس الکاراز نے بآسانی دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
روسی ٹینس سٹار ،عالمی نمبر تین ڈینیئل میدویدوف سمیت روس کے ہی آندرے روبلوف اور کیرن خچانوف نے بھی ابتدائی راؤنڈ میں فتح حاصل کر لی۔
ڈینیئل میدویدوف نے ہنگری کے حریف کھلاڑی اٹیلا بالزکو سٹریٹ سیٹس میں 1-6، 1-6 اور 0-6 سے مات دی، روس کے ہی آندرے روبلوف نے فرانسیسی حریف آرتھر کازاؤکس کو 4-6، 6-7(5-7) اور 1-6 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔
روس کے ہی کیرن خچانوف نے ابتدائی راؤنڈ میں امریکی حریف مائیکل موہ کو سیدھے سیٹس میں 2-6، 4-6 اور 2-6 سے ہرا دیا۔
ایک اور میچ میں اطالوی ٹینس کھلاڑی جینک سنرنے جرمن حریف کھلاڑی یانک ہنف مین کو 3-6، 1-6 اور 1-6 سے شکست دے کردوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی ۔