ریاض :(ویب ڈیسک ) سعودی عرب فیفا کپ 2026 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کی قرعہ اندازی کی تیسری کیٹگری میں شامل ہوگا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایشیائی کوالیفائنگ راؤنڈ کے تیسرے مرحلے کے لیے قرعہ اندازی 27جون کو ملائیشیا کے دار الحکومت کوالا لمپور میں ہو گی، یہ بات ایشین فٹبال فیڈریشن نے اپنے اعلان میں بتائی۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ تیسرے راؤنڈ میں پہنچنے والی 18 ٹیموں کو فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) کی تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق چھ کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلی کیٹگری میں جاپان ، ايران ، جنوبی کوریا، دوسری کیٹگری میں آسٹریلیا، قطر ، عراق ،تیسری کیٹگری میں سعودی عرب ، ازبكستان ، اور اردن شامل ہیں۔
چوتھی کیٹگری میں امارات ، عُمان ، بحرين ، پانچویں کیٹگری میں چین ، فلسطين ، کرغزستان، چھٹی کیٹگری میں شمالی کوریا، انڈونيشيا اور كويت شامل ہیں۔
تیسرے راؤنڈ کے مقابلے ستمبر 2024 سے جون 2025 کے درمیان ہوں گے، اس سلسلے میں 18 ٹیموں کو تین گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں چھ ٹیمیں ہوں گی، تیسرے راؤنڈ کے بعد ہر گروپ سے پہلی دو ٹیمیں براہ راست فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیں گی، عالمی کپ کا انعقاد امریکا ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہو گا۔
واضح رہے کہ فلسطین، انڈونیشیا اور کرغستان کی ٹیمیں پہلی مرتبہ کوالیفائنگ راؤنڈ کے تیسرے مرحلے تک پہنچی ہیں، تینوں ٹیموں نے 2027 میں سعودی عرب میں ہونے والے فٹبال ایشیا کپ میں اپنی شرکت بھی یقینی بنا لی ہے۔