بیجنگ : (ویب ڈیسک ) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں چین نے پاکستان کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دیدی ۔
چین کے ڈور ایتھنک پارک، ہولن بیئر میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں چین اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا ۔
پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم نہ گول کرسکی اور نہ ہی پنالٹی کارنر لے سکی، لیکن دوسرے کوارٹر میں پاکستان کو لگاتار چار پنالٹی کارنر ملے، پاکستان کسی ایک پر بھی گول نہ کرسکا۔
13ویں منٹ میں چین کو پہلا پنالٹی کارنر ملا جس پر یوان لین لو نے گول کرکے سبقت حاصل کی، ہاف ٹائم پر چین کو ایک گول کی برتری حاصل تھی۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے احمد ندیم نے گول کرکے چین کی برتری کا خاتمہ کیا، اس کے بعد پاکستان کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن گول میں کامیابی نہیں ملی، مقررہ وقت تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔
سیمی فائنل کو فیصلہ کن بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنالٹی شوٹ آؤٹ دیے گئے، پاکستان نے ابتدائی چار پنالٹی شوٹ آؤٹ ضائع کردیے جبکہ چین نے چار میں سے دو پر گول کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ۔
چین پہلی بار ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچا ہے۔
اس سے قبل راؤنڈ میچ میں پاکستان نے چین کو 1-5 سے شکست دی تھی اور یہ اہم ترین کامیابی سیمی فائنل میں رسائی کے لیے کارآمد ثابت ہوئی تھی۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل انڈیا اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔