انگلش پریمیئر لیگ: بورن ماؤتھ نے ساؤتھمپٹن کو شکست دیدی

Published On 01 October,2024 02:37 pm

انگلینڈ: (ویب ڈیسک ) انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں بورن ماؤتھ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ساؤتھمپٹن کو شکست دے دی، یہ بورن ماؤتھ کی لیگ میں دوسری فتح ہے۔

پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں، وائٹلٹی سٹیڈیم، بورن ماؤتھ، انگلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں بورن مائوتھ اور ساؤتھمپٹن کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں میچ کےآغاز سے ہی بورن مائوتھ کی ٹیم حریف ساؤتھمپٹن پر حاوی ہوگئی اور اس کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کرنا شروع کر دیئے۔

ایونیلسن نے میچ کے 17ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم بورن ماؤتھ کو ساؤتھمپٹن کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلادی، جس کے ٹھیک 15 منٹ بعد میچ کے 32 ویں منٹ پر ڈینگو اواتارا نے ایک گول کر کے 0-2 کر دیا۔

انٹونی سیمینیو نے 7 منٹ بعد میچ کے 39 ویں منٹ پر ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو بڑھاتے ہوئے 0-3 کر دیا جومیچ کے ہاف تک برقرار رہی، یوں میچ کے پہلے ہاف پر ہی بورن ماؤتھ کی ٹیم کو سائوتھمپٹن کے خلاف 0-3 گول کی برتری حاصل تھی ۔

دوسرے ہاف کے آغاز پرساؤتھمپٹن کی ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور ساؤتھمپٹن کے ٹیلر ہاروڈ بیلس نے میچ کے 51 ویں منٹ پر ایک گول کر کے مقابلہ 1-3 کر دیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا، اور بورن ماؤتھ نے ساؤتھمپٹن کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا، یہ بورن ماؤتھ کی ای پی ایل میں دوسری کامیابی ہے۔