ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دیدی

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دیدی

سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جانیوالے میچ میں پاکستان کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 158 رنز بناسکی، یوں پاکستان نے 32 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

اس سے قبل امریکی کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر قومی کپتان سلمان آغا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔

گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا تاہم صائم ایوب 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ صاحبزادہ فرخان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ سٹار بلے باز بابر اعظم نے 46 رنز بنائے، شاداب خان 30 ، محمد نواز 5، شاہین آفریدی 9، فہیم اشرف ایک رن اور عثمان خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

امریکا کی جانب سے شیڈلے وین اسکالکوک نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد محسن ، سوربھ نیٹراولاکر اور ہرمیت سنگھ نے 1، 1وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کے 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکا کا آغاز اچھا ہوا، اوپنرز کے درمیان 42 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر اندریس گوس 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

امریکا کو دوسرا نقصان موناک پٹیل کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 3 رنز پر پویلین لوٹے، اس کےعلاوہ شیان جہانگیر 49 اور شبھم رانجانے 51 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے، ملند کمار نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

امریکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 158 رنز بناسکی، پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 3، شاداب خان نے 2، محمد نواز ، ابرار احمد اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس طرح پاکستان نے امریکا کے خلاف 32 رنز سےکامیابی حاصل کرکے ایونٹ میں مسلسل دوسری جیت حاصل کی۔

قومی شاہین ایونٹ میں اپنا اگلا میچ 15 فروری کو بھارت کے خلاف کھیلیں گے۔