پی سی بی اور الائیڈ بینک کے درمیان سکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے 10 کروڑ روپے کا معاہدہ

پی سی بی اور الائیڈ بینک کے درمیان سکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے 10 کروڑ روپے کا معاہدہ

قذافی سٹیڈیم میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مہمان خصوصی تھے، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، رکن قومی اسمبلی عون چوہدری اور ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی علی عدنان زیدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور الائیڈ بینک آف پاکستان کی جانب سے چیف کمرشل اینڈ ریٹیل بینکنگ نارتھ عابد انور نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ سکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تمام انتظامات کرے گا، جبکہ پروگرام کے ذریعے سکولوں میں کرکٹ کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ سکولوں کی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے مددگار ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور الائیڈ بینک کے درمیان شراکت داری سے نئے ستارے کرکٹ کے افق پر جگمگائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سکولز کرکٹ کو فروغ دینے کے حوالے سے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا سکولز کرکٹ کو دوبارہ فعال کرنے میں متحرک کردار قابل تحسین ہے۔