نیو یارک: (یؤویب ڈیسک) امریکی سائنس دانوں نے ایک ایسا کیڑا نما روبوٹ تیار کیا ہے جو اپنے وزن سے 22 گنا زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ روبوٹ نیو یارک کے شہر اتھکا کی کورنیل یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے مٹیریل انجینئر روبرٹ شیفرڈ اور ان کے ساتھیوں نے تیار کیا ہے جو چھوٹے چھوٹے ایکچویٹرز کی مدد سے چلتا ہے، رابرٹ شیفرڈ کے شاگرد کیمرون اوبن کے مطابق ایکچویٹر ایک کھوکھلا سلنڈر ہوتا ہے جس کے اوپر اِلاسٹومیرک سِلیکون ربر لگی ہوتی ہے۔
روبوٹ کے پیر چلانے کیلئے 4 ایکچویٹرز کا استعمال کیا گیا، روبوٹ کو چھلانگ لگوانے کیلئے ہر پیر میں میتھین اور آکسیجن بھری گئی ہے جس میں بیٹری سے لی جانے والی بجلی کی مدد سے چنگاری چھوڑی جاتی ہے۔
سلنڈر میں موجود گیسز کے درمیان ہونے والے ردعمل کی صورت میں پانی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ بنتی ہے اور ایک چھوٹے سے دھماکے کی صورت میں توانائی خارج ہوتی ہے جو ربر کی تہہ کی شکل بگڑنے کا سبب بنتی ہے۔
رابرٹ شیفرڈ کے مطابق یہ چھوٹے چھوٹے دھماکے اتنی تیزی سے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے کوئی شعلہ نہیں بھڑکتا یا ربر کو نقصان نہیں پہنچتا تاہم یہ اتنی طاقت فراہم کردیتے ہیں کہ روبوٹ 56 سینٹی میٹر کی بلندی تک اپنے وزن سے 22 گنا زیادہ وزن اٹھا کر چھلانگ مار سکتا ہے۔