کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیسلا اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ شیئر کرنے والوں کا ایکس اکاؤنٹ معطل کرنے کی دھمکی دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایکس کے مالک ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ اگر کوئی بھی شخص ایکس پر فلسطینیوں کا مقبول نعرہ ’’دریا سے سمندر تک‘‘ یا پھر ’’نو آبادیات کا خاتمہ‘‘ لکھے گا تو اس کا ایکس اکاؤنٹ معطل کر دیا جائے گا۔
— Elon Musk (@elonmusk) November 17, 2023
ایلون مسک نے کہا کہ فلسطینیوں کی جانب سے ان دونوں جملوں کا اشارہ یہودیوں کی نسل کشی کی جانب ہے اس لئے کسی کو ایکس پر یہ جملے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
مسک کا کہنا تھا کہ اس طرح کے جملوں کے استعمال کے نتیجے میں ایکس اکاؤنٹ کو معطل کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فلسطینی ’’من النہر فی البحر‘‘ کا نعرہ اسرائیل سے آزادی کیلئے بلند کرتے ہیں جس کا مطلب دریائے اردن کے کنارے سے لے کر بحیرہ روم تک ہے، ان دو مقامات کے بیچ میں اسرائیلی علاقے ہیں اور اسرائیل کے حامی الزام عائد کرتے ہیں کہ اس نعرے کا مطلب اسرائیل کا خاتمہ ہے۔