خلاصہ
- نیویارک: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کیلئے ’مینشنز اینڈ ریپلائیز‘ کے نام سے نیا فلٹر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے انہیں ٹیگ کرنے یا ان کے پیغامات کا جواب دینے والی چیٹس آسانی سے تلاش کی جا سکیں گی۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.26.42.12 استعمال کرنے والے بعض صارفین کیلئے جاری کیا جا رہا ہے۔
یہ فلٹر چیٹس ٹیب میں دستیاب ہوگا جہاں صارفین صرف وہی گفتگو دیکھ سکیں گے جس میں انہیں مینشن کیا گیا ہو یا ان کے پیغام کا جواب دیا گیا ہو، اس فیچر کے ذریعے بڑی گروپ چیٹس اور کمیونٹیز میں اہم پیغامات تلاش کرنا بھی آسان ہو جائے گا۔
خصوصاً ایسے صارفین کو فائدہ ہوگا جو زیادہ پیغامات موصول ہونے کے باعث ضروری سوالات یا جوابات نظر انداز کر دیتے ہیں۔
اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ نوٹیفکیشنز صاف ہونے کے باوجود متعلقہ چیٹس فلٹر میں موجود رہیں گی، صارفین اپنی ضرورت کے مطابق اس فیچر کو سیٹنگز میں جا کر بند بھی کر سکیں گے یا اسے مور سیکشن میں منتقل کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کا یہ فیچر فی الحال محدود بیٹا صارفین کیلئے جاری کیا جا رہا ہے جبکہ تمام صارفین کیلئے اس کی دستیابی کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔