خلاصہ
- اسلام آباد: ( دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی موبائل سمز کی خرید و فروخت اور ان کے ذریعے فراڈ کرنے والے مبینہ منظم نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد کے خلاف سائبر کرائم کا مقدمہ درج کر لیا، جبکہ متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے موبائل سمز حاصل کرنے، انہیں ایکٹیویٹ کرنے اور فروخت کرنے میں ملوث تھے۔
ملزمان پر الزام ہے کہ وہ مختلف افراد کی شناختی معلومات اور اجازت کے بغیر ان کے نام پر موبائل سمز حاصل کرتے تھے اور بعد ازاں انہیں غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی موبائل سمز کے ذریعے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنائے جاتے اور مختلف فراڈ کی سرگرمیاں انجام دی جاتی تھیں، ملزمان مبینہ طور پر موبائل سمز کی غیر قانونی رجسٹریشن اور فراہمی کے منظم نیٹ ورک کا حصہ تھے۔
ایف آئی آر میں عبدالہادی، محسن سلیم بٹ، زہاق، زین، عدیل خان، دانیال، عظمیٰ اور حسن وقار احمد سمیت دیگر افراد کے نام شامل ہیں۔
مقدمے میں نامزد افراد کے واٹس ایپ اکاؤنٹس اور موبائل نمبرز کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں، این سی سی آئی اے نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔