خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 10 نومبر کو اہم اجلاس طلب کرلیا، جس میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد انہیں سکیورٹی پلان پر بریفنگ دیں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام انتخابی میٹریل کی خریداری سمیت تمام تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کے بھی تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ضروری انتظامات کے حوالے سے خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کا شیڈول جاری کیا تھا، جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 20 دسمبر کو پولنگ ہوگی۔
یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے جن کے نتیجے میں تشکیل پانے والی منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہو گئی تھی۔
قانون کے تحت حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر نئے انتخابات کرائے جانے تھے لیکن قانون میں بار بار تبدیلیوں اور انتظامی مسائل کے باعث انتخابی عمل 5 سال سے تعطل کا شکار ہے۔