سنگاپور: (ویب ڈیسک) ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے پینگوئن کی آنکھ میں سفید موتیے کا اپنی نوعیت کا پہلا کامیاب آپریشن کر دیا۔
سنگاپور کے جانوروں کے ایک ہسپتال میں 5 ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے 3 کنگ پینگوئن اور 3 ہمبولڈٹ پینگوئن کی آنکھوں میں سفید موتیے کا کامیاب آپریشن کر کے ویٹرنری میڈیسن کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
منڈائی وائلڈ لائف گروپ کے ڈاکٹر ایلن راسیدی کا کہنا تھا کہ ہمارے مشاہدے میں آیا کہ پینگوئنز کو اپنے سامنے موجود چیزیں دیکھنے میں دقت کا سامنا ہے جس کے باعث وہ پانی اور اپنے گروپ سے بھی کٹ کر رہنے لگے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر عمر بڑھنے پر کچھ قسم کے جانوروں کے ساتھ اس طرح کے مسائل پیش آتے ہیں لیکن ہم ان کی آنکھوں میں لینز لگا دیتے ہیں جو کہ پینگوئنز کو بھی لگائے گئے تھے اور انہیں آنکھوں کے قطرے بھی ڈالے جاتے تھے لیکن صورتحال میں کوئی فرق نہیں آیا جس کے بعد ان کی آنکھوں میں سفید موتیے کے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔
آپریشن کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر گلیڈی بو کا کہنا تھا کہ بڑا جاندار ہونے کے باعث پینگوئن کی آنکھیں بڑی ہوتی ہیں جن میں لینز لگائے جاسکتے ہیں اسی لیے ہم نے دنیا کا اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پینگوئن کی آنکھوں کو پانی سے محفوظ رکھنے والی تیسری پلک کی وجہ سے آپریشن تھوڑا پیچیدہ تھا کیونکہ عام طور پر پینگوئن اپنی تیسری پلک نہیں جھپکتا لیکن آپریشن کے دوران اسے بند کرنے کا خطرہ موجود تھا، آپریشن کیلئے تمام پینگوئنز سنگاپور کے معروف سیاحتی مرکز جورونگ برڈ پارک سے لائے گئے تھے جہاں 5 ہزار سے زائد پرندے موجود ہیں۔
کنگ پینگوئن جنوبی اٹلانٹک اور جنوبی بحرہند سے سنگاپور لائے گئے تھے جبکہ ہمبولڈٹ پینگوئن امریکا سے لائے گئے تھے۔