لندن: (ویب ڈیسک) صرف 25 ڈالر میں خریدا گیا چینی مرتبانوں کا جوڑا ایک نایاب شے نکلا اور توقع ہے کہ اسے 60 ہزار ڈالر سے زائد کی قیمت میں نیلام کیا جا سکے گا۔
لندن میں استعمال شدہ اشیاء کی دکان (تھرفٹ سٹور) سے خریدے گئے دو چھوٹے مرتبان درحقیقت کنگ دورِ حکومت سے تعلق رکھتے ہیں اور توقع ہے کہ نیلامی پر یہ جوڑا 60 ہزار ڈالر تک میں فروخت ہو سکتا ہے، 16 مئی کو لندن کے ایک نیلام گھر میں انہیں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔
پورسلین سے بنے دونوں ظروف پر ’کنول اور گلِ داؤدی‘ کے پھول کندہ ہیں، یہ طریقہ ڈوکائی کہلاتا ہے جو پہلے مِنگ بادشاہت میں سامنے آیا تھا، اس میں نیلا رنگ زیادہ استعمال کیا جاتا ہے جو بہت مقبول بھی تھا۔
دونوں برتن بہت صاف اور اچھی حالت میں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مہنگے داموں نیلام ہو سکتے ہیں، چینی آرٹ کے ماہرین کے مطابق ایسے مرتبانوں کی تیاری میں غیرمعمولی مہارت اور صبر درکار ہوتا تھا۔
اسے 25 ڈالر میں خریدنے والے شخص کو اس کی افادیت کا بالکل اندازہ نہیں تھا تاہم بعد میں اس کی اصل مالیت اور قدر سے واقف ہوا۔