سدھو موسے والا کے سالانہ ختم کا اعلان کرنے والا ملزم گرفتار

Published On 29 May,2023 07:27 pm

اوکاڑہ: (دنیا نیوز) پولیس نے بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے سالانہ ختم دلوانے کا اعلان کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

گزشتہ سال 29 مئی کو بھارتی پنجاب میں قتل ہونیوالے بھارتی معروف گلوکار سدھو موسے والا کے مداح نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں ملزم نے بھارتی گلوکار کے سالانہ ختم دلوانے کا اعلان کیا۔

اوکاڑہ کی بستی صمد پورہ کے رہائشی شرجیل نامی لڑکے نے تمام بدمعاشوں اور جٹ برادری کو ختم میں شرکت کی دعوت دی جبکہ ختم کے بعد ہوائی فائرنگ کا خاص پروگرام ترتیب دیا گیا تھا۔

 

سوشل میڈیا پر ختم کی دعوت وائرل ہونے پر اوکاڑہ پولیس بغیر دعوت کے پہنچ گئی اور ملزم شرجیل کو گرفتار کرلیا جسے بعدازاں تھانہ بی ڈویژن کے ایس ایچ او ملک ظفر اقبال نے شرجیل کے والد سے بیان حلفی لے کر چھوڑ دیا گیا ۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال بیت گیا ہے جبکہ تاحال اُن کے قاتلوں کو سزا نہیں مل سکی، گزشتہ سال آج کے روز سدھو موسے والا کو اُن کے آبائی گاؤں میں قتل کر دیا گیا تھا ۔

سدھو موسے والا 29 مئی 2022 کو کو بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارینس بشنوئی کے کارندے نے قتل کر دیا تھا، اس واقعے کے چند روز بعد بعض گیگنسٹرز نے ان کے قتل کی ذمہ داری بھی قبول کر لی تھی۔