روم: (ویب ڈیسک) دنیا کا ایک ایسا ملک جس نے تازہ اور خالص ہوا فروخت کے لئے پیش کر دی ہے۔
کہتے ہیں کہ خوشبو اور ہوا کو قید نہیں کیا جا سکتا ہے لیکن ترقی کے اس دور میں اٹلی نے خالص ہوا کو قید کر کے بیچنے کا پروگرام شروع کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کمیونیکیشن کمپنی اٹلی کمیونیکا نے اٹلی کے خوبصورت اور صحت افزا تفریحی مقام جھیل کومو کی تازہ اور قدرتی ہوا کو کین میں بند کر کے فروخت کرنا شروع کر دیا ہے اور اس قدرتی اثاثے کی قیمت فی کین 11 ڈالرز مقرر کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ کین میں جھیل کومو کی فضا سے 400 ملی لیٹر ہوا جمع کی جاتی ہے جو 100 فیصد تصدیق شدہ تازہ اور قدرتی ہوا ہے۔
یہ تفریحی مقام نہ صرف اٹلی کے عوام بلکہ دنیا بھر کے سیاحوں میں مشہور ہے اور ہر سال لاکھوں سیاح یہاں گھومنے پھرنے آتے ہیں، لومبارڈی ٹورازم بیورو کے مطابق 2023 میں 5.6 ملین سے زیادہ سیاحوں نے لیک کومو کا دورہ کیا اور یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
وہ خوبصورت سیاحتی مقام جہاں کی ’تازہ ہوا‘ کے کین سیاحوں کو فروخت کیلئے پیش کر دیئے گئے۔
سیاحوں کی اتنی بڑی تعداد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کمپنی کی مارکیٹنگ کے ماہر ڈیوڈ ابگنل نے جھیل کومو کے پوسٹرز بیچنا شروع کر دیئے ہیں اور اس کے ساتھ ایک ای کامرس سائٹ بنائی ہے جس کے ذریعے مذکورہ مقام کی تازہ ہوا کین میں فروخت کر کے آن لائن فروخت کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ جھیل کومو ایک ایسا مقام ہے جو اپنی خوبصورتی کے باعث مشہور شخصیات کیلئے پرکشش رہا ہے اور یہاں House of Gucci اور Casino Royale جیسی مشہور زمانہ فلموں کی شوٹنگز ہو چکی ہے۔