چینی فوڈ بلاگر نے شیشے جیسا نیم شفاف فرائیڈ چکن تیار کرلیا

چینی فوڈ بلاگر نے شیشے جیسا نیم شفاف فرائیڈ چکن تیار کرلیا

کائی نان اپنی منفرد اور عجیب و غریب ڈشز کے لیے جانے جاتے ہیں، جنہیں وہ مالیکیولر گیسٹرونومی کی جدید تکنیکوں کے ذریعے تیار کرتے ہیں، حال ہی میں انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی جس کا عنوان تھا کہ میں فرائیڈ چکن کو شفاف بنانا چاہتا ہوں، لیکن نتیجہ عجیب نکلا، یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی اور صرف یوٹیوب پر ہی تقریباً 10 لاکھ ویوز حاصل کر چکی ہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کائی نان نے فرائیڈ چکن کو مکمل طور پر توڑ کر دوبارہ تخلیق کیا، انہوں نے سب سے پہلے ہڈیوں کی تیاری کے لیے بون میرو، کولیجن اور ٹھنڈے جیل کے مرکب کو سانچوں میں ڈال کر جمایا، اس کے بعد چکن کے گوشت کو ایک خاص آلے کی مدد سے مائع شکل میں تبدیل کیا گیا اور پھر سفیری فیکیشن تکنیک کے ذریعے اسے دوبارہ پٹھوں کی ساخت دی گئی۔

آخری مرحلے میں شفاف گوشت اور ہڈیوں کو ایک سانچے میں جوڑ کر مکمل چکن کی شکل دی گئی، جبکہ اس کی خستہ بیرونی تہہ بھی جدید طریقے سے تیار کی گئی، نتیجہ ایک ایسی ڈش کی صورت میں سامنے آیا جو بیک وقت حیران کن، دلچسپ اور کچھ افراد کے لیے قدرے پریشان کن بھی ہے۔

یہ منفرد تخلیق جہاں کچھ لوگوں میں تجسس پیدا کر رہی ہے، وہیں بہت سے صارفین اسے آزمانے سے گریزاں نظر آتے ہیں، تاہم اس بات سے انکار ممکن نہیں کہ کائی نان کی یہ پیشکش فوڈ آرٹ کی دنیا میں ایک نئی بحث چھیڑ چکی ہے۔