چین کی خطرناک ترین زگ زیگ سڑک، ڈرائیور کیلئے آزمائش

چین کی خطرناک ترین زگ زیگ سڑک، ڈرائیور کیلئے آزمائش

یہ منفرد زگ زیگ سڑک دو بڑی چٹانوں کے درمیان تعمیر کی گئی ہے اور تیان پنگ نامی چھوٹی کمیونٹی کو بیرونی دنیا سے جوڑتی ہے، سڑک کی مجموعی لمبائی 3.7 کلومیٹر ہے، جبکہ اس کا سب سے خطرناک زیگ زیگ حصہ صرف 453 میٹر پر مشتمل ہے، مگر یہی مختصر حصہ تجربہ کار ڈرائیوروں کے لیے بھی آزمائش بن جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سڑک میں موجود 18 تیز یو ٹرن ایسے ہیں جہاں معمولی غلطی بھی حادثے کا سبب بن سکتی ہے، سڑک کی ساخت اس قدر تنگ ہے کہ کئی مقامات پر گاڑی کو واپس موڑنا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے۔

2012 میں تعمیر ہونے والی اس سڑک کو 2019 میں مکمل طور پر پختہ کیا گیا تھا، چونگ کنگ کی یہ منفرد شاہراہ ڈرائیوروں کو انتہائی کم رفتار سے سفر کرنے پر مجبور کرتی ہے، جبکہ اس کی سب سے خطرناک ڈھلوان پر چڑھائی کی شرح 36 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تیان پنگ کمیونٹی میں صرف 137 افراد اور 37 خاندان آباد ہیں، جس کی وجہ سے اس سڑک پر ٹریفک کا دباؤ کم رہتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈرائیور نسبتاً احتیاط کے ساتھ ان خطرناک موڑوں کو عبور کر لیتے ہیں۔

یہ سڑک اب نہ صرف مقامی افراد کے لیے ایک اہم راستہ بن چکی ہے بلکہ اپنی منفرد اور خوفناک ساخت کے باعث سیاحوں اور مہم جو افراد کی توجہ بھی حاصل کر رہی ہے۔