نیدرلینڈز: شیاطین کو بلانے کیلئے جادوئی منتر لکھی پراسرار تختی دریافت

نیدرلینڈز: شیاطین کو بلانے کیلئے جادوئی منتر لکھی پراسرار تختی دریافت

یہ تاریخی نوادرات رومی سلطنت کے قدیم صوبے لوئر جرمینیا کے ایک آثارِ قدیمہ کے مقام سے برآمد ہوئی، جو موجودہ دور میں ڈچ میونسپلٹی ہِیرلین میں واقع ہے۔

تقریباً 9.3 سینٹی میٹر لمبی اور 4.8 سینٹی میٹر چوڑی اس تختی پر تحریر کندہ تھی، حیران کن طور پر یہ متن لاطینی زبان کے بجائے قدیم یونانی زبان میں تحریر کیا گیا تھا، جبکہ اس کا اندازِ تحریر مصری رسم الخط سے مشابہت رکھتا ہے۔

انسٹیٹیوٹ آف پیپیرولوجی کے محققین کی جانب سے کیے گئے مطالعے میں معلوم ہوا کہ تختی پر تین مختلف اقسام کے حروف اور علامات استعمال کی گئی ہیں، جو اسے مزید پراسرار بنا دیتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق ایسی تختیاں عموماً سیسے سے تیار کی جاتی تھیں، قدیم عقائد کے تحت سیسے کو ایک ایسا مادہ سمجھا جاتا تھا جس میں افراد یا اشیا کو روحانی طور پر باندھنے اور ان پر اثر انداز ہونے کی خاص طاقت موجود ہوتی تھی۔

تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ دریافت ہونے والی یہ تختی رومی دور کے جادوئی عقائد، مذہبی رسومات اور خفیہ عملیات کے بارے میں اہم معلومات فراہم کر سکتی ہے۔