تھائی لینڈ: انکلوژر سے تقریباً 100 بندر فرار، تلاش جاری

تھائی لینڈ: انکلوژر سے تقریباً 100 بندر فرار، تلاش جاری

حکام کے مطابق منگل کی صبح لوپبوری میونسپلٹی اینیمل نرسری سے بندروں کے ایک گروہ نے انکلوژر سے نکلنے میں کامیابی حاصل کی، تاہم عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد دیگر بندروں کو فرار ہونے سے روک لیا۔

شہر کے میئر چمروئن سلاچیپ نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ فرار ہونے والے بندروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے تاکہ وہ شہری آبادی، املاک یا عوام کی حفاظت کے لیے کسی قسم کا خطرہ نہ بن سکیں۔

واضح رہے کہ لوپبوری شہر اپنے سالانہ منکی بوفے فیسٹیول کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے، ماضی میں یہاں بڑی تعداد میں لمبی دم والے مکاک بندر آزادانہ طور پر شہر میں گھومتے تھے، تاہم ان کی بڑھتی ہوئی تعداد اور خوراک کی تلاش میں جارحانہ رویے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی صورتحال کے پیشِ نظر 2024 میں تھائی لینڈ کے محکمہ نیشنل پارکس، وائلڈ لائف اینڈ پلانٹ کنزرویشن نے تقریباً 2,500 بندروں کو پکڑ کر ایک بڑے انکلوژر میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ انسانوں اور بندروں کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعات پر قابو پایا جا سکے۔