بیوی کو تنہا نہ چھوڑنے کیلئے شوہر بھی گہرے مین ہول میں گرگیا

بیوی کو تنہا نہ چھوڑنے کیلئے شوہر بھی گہرے مین ہول میں گرگیا

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ شان ڈونگ کے علاقے ڈونگ یانگ میں پیش آیا، جہاں میاں بیوی سرسبز علاقے میں ٹڈے پکڑ رہے تھے، اس علاقے میں ٹڈوں کو خوراک کے طور پر پسند کیا جاتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گیلی گھاس اور کم روشنی کے باعث خاتون کا پاؤں پھسل گیا اور وہ حادثاتی طور پر تقریباً 5 میٹر گہرے مین ہول میں جاگری، گرنے سے وہ زخمی ہوگئی اور شدید تکلیف کے باعث حرکت کرنے سے بھی قاصر تھی۔

شوہر نے جب بیوی کی حالت دیکھی تو اسے اکیلا چھوڑنے کے بجائے خود بھی مین ہول میں اتر گیا تاکہ اس کا ساتھ دے سکے اور اس کی دیکھ بھال کرتا رہے۔

دونوں نے اپنے موبائل فونز کے ذریعے فائر فائٹرز کو اطلاع دی، جس کے بعد امدادی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، فائر فائٹرز نے تاریک اور نم ماحول میں دونوں کو تلاش کیا، جس کے بعد ایک اہلکار مین ہول میں اترا اور خاتون کو حفاظتی رسی باندھ کر باہر نکالا۔

بعد ازاں شوہر کو بھی حفاظتی آلات کی مدد سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا، ریسکیو حکام کے مطابق خاتون کے زخم جان لیوا نہیں تھے، تاہم احتیاطی طور پر اسے مزید طبی معائنے اور علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔