چین: کرونا وائرس کے اثرات میں کمی، 29 ہلاکتیں، جنوبی کوریا میں بھی 13 مریض جان سے گئے

چین: کرونا وائرس کے اثرات میں کمی، 29 ہلاکتیں، جنوبی کوریا میں بھی 13 مریض جان سے گئے

چین میں کرونا وائرس سے مزید 29 افراد ہلاک ہو گئے، حکام کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران یہ ایک روز میں سب سے کم ہلاکتیں ہیں۔ نئے متاثرین کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ 22 ہزار 888 افراد صحتیابی کے بعد گھروں کو چلے گئے۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں 2 ہزار 744 افراد کرونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ چین میں 78 ہزار 500 افراد کرونا کا شکار ہوئے ہیں۔

صوبہ ہبئی میں لاک ڈاؤن ہے تاہم باقی شہروں میں زندگی معمول کی جانب لوٹ رہی ہے۔ کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے باعث سعودی عرب نے عمرہ اور مسجد نبویؐ کی زیارت کے لیے آنے والوں کے لیے داخلہ عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق وائرس پھیلنے کے خدشات کے حامل ممالک کے شہریوں کے سیاحتی ویزا پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ ایران میں بھی کرونا کے خدشے کی وجہ سے مشہد اور قم شہر جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ جنوبی کوریا میں کرونا سے تیرہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اٹلی میں کرونا سے 12 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 400 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ دنیا بھرکے چالیس ممالک میں 88 ہزار افراد کرونا کا شکار ہو چکے ہیں۔